ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایودھیا میں تاریخی بابری مسجد کی شہادت کے بعد اب نئی مسجد کا تعمیری کام مئی میں ہوگا شروع ؛ 4 سالوں میں کام مکمل ہونے کی توقع

ایودھیا میں تاریخی بابری مسجد کی شہادت کے بعد اب نئی مسجد کا تعمیری کام مئی میں ہوگا شروع ؛ 4 سالوں میں کام مکمل ہونے کی توقع

Mon, 22 Jan 2024 20:09:28    S.O. News Service

نئی دہلی، 22/جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی) 6 ڈسمبر 1992 کو تاریخی بابری مسجد کی شہادت کے بعد اب  چونکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد  اُس جگہ پر رام مندرتعمیر  ہوکر اُس  کا افتتاح عمل میں آچکا ہے مگر بابری  مسجد   کے لئے جو الگ سے جگہ مختص کی گئی تھی، وہاں پر ابھی تک مسجد کا کام شروع بھی نہیں کیا گیا ہے۔ اس دوران  عالمی خبررساں ایجنسی  رائٹرس نے  رپورٹ دی ہے کہ  اس مسجد کا تعمیری کام  اسی سال مئی سے شروع ہوگا اور تین سے چار سال کے عرصہ میں کام تکمیل کو پہنچے گا۔

یادرہے  کہ ایودھیا میں تعمیر ہونے والی مسجد کا پروجیکٹ انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن کی ڈیولپمنٹ کمیٹی دیکھ رہی ہے۔ اس کے سربراہ حاجی عرفات شیخ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس مسجد کے لیے رقم جمع کرنے کے لیے ’کراؤڈ فنڈنگ‘ کی کوشش ہوگی جس کے پیش نظر ایک ویب سائٹ لانچ کرنے کی تیاری چل رہی ہے۔ انھوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ ایودھیا میں بننے والی اس عظیم الشان مسجد کا نام پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے نام پر ’مسجد محمد بن عبداللہ‘ رکھا جائے گا۔

 عرفات شیخ کا کہنا ہے کہ ’’ہماری کوشش لوگوں کے درمیان دشمنی اور نفرت کو ختم کرنا ہے۔ ہم لوگوں میں ایک دوسرے کے تئیں محبت بھرنا چاہتے ہیں، چاہے آپ سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کریں یا نہ کریں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ اگر ہم اپنے بچوں اور لوگوں کو اچھی باتیں سکھائیں گے تو یہ لڑائی خود بخود ختم ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ ظفر احمد فاروقی انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن (آئی سی ایف) کے صدر ہیں۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا  کہ ہمارے ادارہ نے فنڈ کے لیے کسی سے بھی فی الحال رابطہ نہیں کیا ہے۔ البتہ یہ بات درست ہے کہ مسجد کی تعمیر میں تاخیر ہوئی ہے۔ ایسا اس لیے ہوا کیونکہ ہم اس کے ڈیزائن میں مزید روایتی عنصر جوڑنا چاہتے تھے۔ خاص بات یہ بھی ہے کہ مسجد کے احاطہ میں 500 بستروں والا اسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا۔


Share: